جہلم: برطانیہ میں مقیم جہلم کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت اور عالمی تجزیہ کار اشرف چغتائی نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو سے ملاقات کی، جس میں اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر اشرف چغتائی نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی وطنِ عزیز میں سرمایہ کاری سے خوفزدہ ہیں کیونکہ بعض اوقات ان کی زمینوں پر قبضہ، بے بنیاد مقدمات اور انتظامی رکاوٹیں انہیں اعتماد سے محروم کر دیتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ برطانیہ سے آئے ایک سات رکنی وفد جس میں وہ خود بھی شامل تھے نے اُس وقت کے وزیراعلیٰ پنجاب اور موجودہ وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان میاں محمد شہباز شریف سے ملاقات کی تھی اور انہیں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا تھا۔ اس ملاقات کے نتیجے میں وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے کے 38 اضلاع میں ڈی سی دفاتر کے ساتھ اوورسیز سیل قائم کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔
اشرف چغتائی نے ضلع جہلم میں امن و امان کی صورتحال کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈی پی او طارق عزیز سندھو کی بہترین حکمتِ عملی کے باعث ضلع میں جرائم کی شرح میں تقریباً 70 فیصد کمی آئی ہے۔ انہوں نے پولیس کے اندر خود احتسابی کے عمل کو قابلِ تحسین قرار دیا اور ڈی پی او جہلم کو ان کی پیشہ ورانہ کارکردگی پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
اشرف چغتائی نے مطالبہ کیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی سرمایہ کاری کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، ان کے خلاف موصول ہونے والی درخواستوں پر شفاف انکوائریاں کی جائیں اور زمینوں پر قبضہ کرنے والے عناصر کے خلاف سخت فوجداری کارروائیاں عمل میں لائی جائیں تاکہ اوورسیز کمیونٹی کا اعتماد بحال ہو اور ملکی معیشت مستحکم ہو سکے۔
