جہلم کے نواحی علاقہ سنگھوئی میں کڑی روڈ پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے 2 دوستوں کو قتل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق جمعہ کی شام کو جہلم کے علاقہ سنگھوئی میں تھانہ چوٹالہ کی حدود میں موٹرسائیکل سوار یوٹیلٹی سٹور کے ڈیلی ویجر ملازم 34 سالہ راجہ وقاص ولد راجہ حق نواز اور اس کے دوست 25 سالہ صدام ولد مشتاق کو کڑی روڈ سنگھوئی کالج کے قریب پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
دونوں دوستوں کا تعلق جہلم کے علاقہ خورد کے گاؤں شاہ پور سے ہے۔
تھانہ چوٹالہ پولیس اور ریسکیو 1122 موقع پر پہنچ گئی اور دونوں کی لاشوں کو پوسٹمارٹم کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم منتقل کر دیا گیا۔
قتل کی وجوہات تاحال معلوم نہ ہو سکیں، تھانہ چوٹالہ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے تفتیش شروع کر دی۔
