
سوہاوہ: سینئر صحافی اور چیئرمین جہلم پریس کلب چوہدری عابد محمود کی قیادت میں ایک وفد نے تحصیل پریس کلب سوہاوہ کا دورہ کیا اور نومنتخب صدر یاسر فہمید کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر انہوں نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور صحافتی میدان میں ان کے لیے کامیابیوں کی دعا کی۔
جہلم پریس کلب کے اس وفد میں صدر الیکٹرانک میڈیا عامر کیانی، نائب صدر جہلم پریس کلب مرزا قدیر بیگ اور انفارمیشن سیکرٹری سید ناصر محمود شامل تھے۔ تحصیل پریس کلب سوہاوہ آمد پر مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر سابق چیئرمین تحصیل پریس کلب سوہاوہ احسن وحید اور سابق جنرل سیکرٹری ملک وحید بھی موجود تھے۔
دورے کے دوران جہلم اور سوہاوہ کے صحافتی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سینئر صحافی چوہدری عابد محمود نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ضلع جہلم کے تمام ورکنگ جرنلسٹ ذاتی اختلافات کو پس پشت ڈال کر ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوں اور عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ صحافتی اختلافات کو جمہوری انداز میں حل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ صحافی برادری کے اتحاد کو برقرار رکھا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحافیوں کے باہمی اختلافات کا فائدہ انتظامی ادارے اٹھاتے ہیں اور اپنے من پسند صحافیوں کو ترجیح دی جاتی ہے، جو کہ صحافت کی سالمیت کے لیے نقصان دہ ہے۔
اس موقع پر نومنتخب صدر تحصیل پریس کلب سوہاوہ یاسر فہمید نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ تمام ورکنگ اور نیک نام صحافیوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کی کوشش کریں گے اور صحافتی مسائل کے حل کے لیے اپنی بھرپور توانائیاں صرف کریں گے۔ انہوں نے مثبت صحافت کے فروغ میں اپنے کردار ادا کرنے کا بھی اعادہ کیا۔
تحصیل پریس کلب سوہاوہ کے صدر یاسر فہمید، سابق چیئرمین احسن وحید اور سابق جنرل سیکرٹری ملک وحید نے جہلم پریس کلب کے وفد، خصوصاً چوہدری عابد محمود اور دیگر صحافی بھائیوں کا شکریہ ادا کیا اور ان کے تعاون کو سراہا۔