ایل سی آئی سوڈا ایش کھیوڑہ میں مزدوروں کی تذلیل معمول بن گئی

پنڈدادنخان: تحصیل پنڈدادنخان میں واقع ایل سی آئی سوڈا ایش بزنس کھیوڑہ میں مزدوروں کی تذلیل معمول بن چکی ہے۔

فیکٹری کے سکیورٹی گارڈز مزدوروں کے موٹرسائیکلوں کے ٹائروں سے ہوا نکال دیتے ہیں جبکہ ایریا منیجرز مقامی مزدوروں کو نظرانداز کرکے مضافاتی علاقوں کے من پسند افراد کو ترجیح دے رہے ہیں۔

ضلع جہلم کے اس بڑے انڈسٹریل زون میں مقامی مزدور روزگار کے حصول کے لیے فیکٹری آتے ہیں لیکن سکیورٹی گارڈز چیکنگ کے نام پر ان کی تذلیل کرتے ہیں۔

مزدوروں کا کہنا ہے کہ سکیورٹی گارڈز "چائے پانی” کے بہانے غیر ضروری پابندیاں لگاتے ہیں اور موٹرسائیکلوں کے ٹائروں سے ہوا نکالنا ان کا معمول بن چکا ہے۔

ذرائع کے مطابق فیکٹری کے مختلف پلانٹس کے ایریا منیجرز جو خود مقامی نہیں ہیں، مقامی مزدوروں کو کام سے نکال کر مضافاتی علاقوں کے افراد کو نواز رہے ہیں۔ یہ رویہ نہ صرف لوکل کمیونٹی کی حق تلفی ہے بلکہ مزدوروں میں بے چینی اور غصے کو جنم دے رہا ہے۔

مزدوروں نے خبردار کیا ہے کہ اگر فیکٹری انتظامیہ نے یہ ناانصافی بند نہ کی تو مقامی کمیونٹی کے مزدور احتجاج پر مجبور ہو جائیں گے، جس سے فیکٹری انتظامیہ اور لوکل کمیونٹی کے درمیان معاملات خراب ہونے کا خدشہ ہے۔

مقامی افراد نے فیکٹری کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایسے ہتھکنڈے استعمال کرنے والے افراد کا محاسبہ کریں اور مقامی کمیونٹی کے ساتھ انصاف کو یقینی بنائیں تاکہ علاقے میں امن و امان برقرار رہ سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button