دینہ میں ڈکیتی کی بڑی واردات، تین مسلح ڈاکو غلہ منڈی کی 8 دکانوں سے 42 لاکھ روپے نقدی لوٹ کر فرار

دینہ میں جی ٹی روڈ پر واقع غلہ منڈی میں مسلح ڈاکو ایک ہی رات 8دوکانوں کے تالے توڑ کر 42لاکھ نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ کی مصروف اور تجارتی مرکز غلہ منڈی میں نامعلوم مسلح ڈاکوؤں نے ایک ہی رات میں آٹھ دکانوں کے تالے توڑ کر 42 لاکھ روپے سے زائد کی نقدی لوٹ لی۔ واردات کے بعد پورے علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہو گئی جبکہ تاجروں نے احتجاجاً شٹر ڈاؤن کر دیا۔

منگل اور بدھ کی درمیانی شب تقریباً ڈیڑھ بجے تین مسلح نقاب پوش ڈاکو غلہ منڈی کی عقبی دیوار سے سیڑھی کے ذریعے اندر داخل ہوئے۔ ڈاکوؤں نے موقع پر موجود دونوں چوکیداروں کو قابو میں لے کر بدترین تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر انہیں ایک دکان میں بند کر دیا۔ اس کے بعد ڈاکو تقریباً ایک گھنٹے تک آزادانہ طور پر دکانوں کے تالے توڑتے اور نقدی لوٹتے رہے۔

@jhelumupdates جہلم کی تحصیل دینہ میں ڈکیتی کی بڑی واردات، ڈاکو غلہ منڈی کی 8 دکانوں سے 42 لاکھ روپے لے کر فرار ہو گئے #JhelumUpdates #Latestnews #fyp #breakingnews #foryoupagе #viralvideos ♬ original sound – Jhelum Updates

ڈاکو طیب ٹریڈرز کے مالک شیخ طیب رزاق کی دکان سے 26 لاکھ روپے، احسن ٹریڈرز کے مالک شیخ احسن کی دکان سے 10 لاکھ روپے، پاک رائس ٹریڈرز کے شیخ آصف رحیم سے 5 لاکھ 10 ہزار روپے اور فاضل ڈار ٹریڈرز کے مبشر ڈار سے 70 ہزار روپے نقدی لوٹ کر لے گئے۔ اس کے علاوہ ایس ایم اعجاز ٹریڈرز، ملک مزمل اینڈ کمپنی اور شیخ آصف رحیم کی دیگر دکان اور گودام کے تالے بھی توڑے گئے تاہم وہاں سے لوٹ مار کی تفصیل فوری طور پر سامنے نہ آ سکی۔

واردات کے بعد ڈاکو با آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ اگلی صبح جب دکاندار اپنی دکانوں پر پہنچے تو تباہ شدہ تالے اور بند چوکیداروں کو دیکھ کر ہنگامہ برپا ہو گیا۔ صدر انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی چوہدری محبوب احمد کی قیادت میں تمام تاجروں نے واردات کے خلاف سخت احتجاج کرتے ہوئے شٹر ڈاؤن کر دیا۔

اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ دینہ راجہ ایاز اپنی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور جائے واردات کا معائنہ کیا۔ ابتدائی تفتیش کے بعد دونوں چوکیداروں کو تحویل میں لے کر مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وہ جلد ہی ملزمان کو گرفتار کر لیں گے اور واردات میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ تاہم اس بڑی واردات کے بعد غلہ منڈی کے تاجروں میں شدید بے چینی اور عدم تحفظ کا احساس پایا جا رہا ہے، جنہوں نے سیکیورٹی کی ناکامی پر سخت تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

Exit mobile version