جہلم: ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال کے باہر غیر قانونی چنگ چی رکشہ اسٹینڈ نے شہریوں اور مریضوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ اسپتال میں داخلے اور خروج کے دوران مریض، ایمبولینسز اور ان کے لواحقین شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
اسپتال کے داخلی اور خارجی راستوں پر چنگ چی رکشہ ڈرائیورز نے غیر قانونی اسٹینڈ قائم کر رکھا ہے، جہاں درجنوں رکشے سڑک کے درمیان کھڑے رہتے ہیں۔ اس وجہ سے ایمرجنسی ایمبولینسز کی آمدورفت متاثر ہوتی ہے اور قیمتی وقت ضائع ہو جاتا ہے، جو مریضوں کی زندگیوں کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
شہریوں نے ٹریفک پولیس کی عدم موجودگی اور نگرانی نہ ہونے پر تشویش ظاہر کی اور کہا کہ یہ مسئلہ دن بدن سنگین ہوتا جا رہا ہے۔
عوامی حلقوں نے ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو اور ڈی ایس پی ٹریفک خرم ستی سے مطالبہ کیا ہے کہ سول اسپتال کے باہر فوری طور پر ٹریفک وارڈنز تعینات کیے جائیں تاکہ مریضوں کو ریلیف مل سکے اور ٹریفک کی روانی برقرار رہے۔
