پنڈدادنخان میں موت بانٹنے والا ایک اور جعلی ڈینٹل کلینک پکڑا گیا، کلینک سیل

پنڈدادنخان: ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر پنڈدادنخان اور محکمہ صحت کی ٹیم نے دھریالہ جالپ میں کارروائی کرتے ہوئے ایک جعلی ڈینٹل کلینک کو بے نقاب کر کے سیل کر دیا۔
چھاپے کے دوران انکشاف ہوا کہ مذکورہ کلینک بغیر کسی لائسنس، مستند ڈگری اور رجسٹریشن کے چلایا جا رہا تھا، جہاں غیر قانونی طور پر مریضوں کا علاج کیا جا رہا تھا، جو عوام کی جانوں سے کھیلنے کے مترادف ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق کارروائی کے دوران تمام شواہد اکٹھے کیے گئے اور کلینک کو فوری طور پر سیل کر دیا گیا، جبکہ اس کیس کی رپورٹ مزید قانونی کارروائی کے لیے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن (PHC) کو ارسال کر دی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ جعلی معالجین کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ صرف مستند اور رجسٹرڈ ڈاکٹرز سے ہی علاج کروائیں تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔



