شدید سردی اور دھند سے جنگلی حیات بھی متاثر، پرندے خوراک کی کمی سے مرنے لگے

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں شدید سردی اور گھنی دھند کے باعث جہاں معمولاتِ زندگی متاثر ہو رہے ہیں وہیں جنگلی حیات، خصوصاً پرندے بھی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ سردی کی شدت اور مسلسل دھند کے باعث درختوں پر موجود پرندے خوراک نہ ملنے کی وجہ سے مرنے لگے ہیں، جس پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ دھند اور سخت سردی کے باعث پرندوں کے لیے خوراک کا حصول انتہائی مشکل ہو چکا ہے۔ عوامی حلقوں نے اپیل کی ہے کہ لوگ بچا ہوا کھانا گھروں کی چھتوں یا کھلی جگہوں پر ڈالیں تاکہ پرندوں کو خوراک میسر آ سکے اور قیمتی جنگلی حیات کو بچایا جا سکے۔

دوسری جانب شدید سردی کے باعث لکڑی اور دیگر ایندھن کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہو گیا ہے، جس سے لکڑی کا ایندھن عام آدمی کی خرید سے باہر ہو چکا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف شدید سردی ہے تو دوسری جانب بجلی کی اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ، گیس کی کم پریشر اور طویل بندش نے حالات مزید سنگین بنا دیے ہیں۔ بھاری بجلی اور گیس کے بلوں کے باعث نہ ہیٹر چلایا جا سکتا ہے اور نہ ہی لکڑی یا کوئلہ خریدنے کی سکت باقی رہی ہے۔

شہریوں نے بتایا کہ غیر اعلانیہ گیس لوڈ شیڈنگ، شدید دھند اور سردی نے انہیں بے روزگاری سے بھی دوچار کر رکھا ہے۔ کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں جبکہ کمر توڑ مہنگائی نے عام آدمی کا سکون غارت کر دیا ہے۔ مجبوری کے عالم میں لوگ سردی سے بچنے کے لیے گھروں میں رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ موجودہ موسم، شدید سردی اور غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ عام طبقے کے لیے مسلسل پریشانیوں کا باعث بنی ہوئی ہے، جبکہ سردی کی شدت میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ ہو رہا ہے۔ شہریوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ عوامی مشکلات کے پیش نظر بجلی اور گیس کی فراہمی کو بہتر بنایا جائے اور اس کٹھن موسم میں شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جائے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button