جہلم: آئیسکو سرکل جہلم کی سول لائن سب ڈویژن میں مبینہ طور پر کرپشن اور رشوت ستانی کا بازار گرم ہے جس کے باعث صارفین سخت مشکلات کا شکار ہیں۔ متعلقہ افسران کی خاموشی نے صورتحال کو مزید گھمبیر بنا دیا ہے اور عوامی حلقے اسے گہرا سوالیہ نشان قرار دے رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق سول لائن سب ڈویژن کے لائن سپرنٹنڈنٹ نے مبینہ طور پر ایکسین کے اختیارات اپنے ہاتھ میں لے رکھے ہیں اور "کروڑوں روپے کے کھیل” میں مصروف ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ نئے بجلی کنکشنز، ٹرانسفارمرز کی مرمت اور میٹروں کی تبدیلی جیسے کام بھاری نذرانے کے بغیر ممکن نہیں جبکہ جائز کاموں میں بھی بلاجواز تاخیر کی جاتی ہے۔
متاثرہ صارفین نے بتایا کہ وہ بجلی کے بل وقت پر ادا کرتے ہیں لیکن اس کے باوجود ذلت اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اگر عملے کی جیب گرم نہ کی جائے تو درخواستیں اور کام کئی کئی ماہ تک التواء کا شکار رہتے ہیں۔
عوامی حلقوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ اعلیٰ افسران سب کچھ جاننے کے باوجود خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، جسے کرپشن کی سرپرستی سے تعبیر کیا جا رہا ہے۔
شہریوں نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف، وفاقی وزیر پانی و بجلی سردار اویس خان لغاری اور آئیسکو چیف سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لیتے ہوئے بدعنوان اور راشی ملازمین کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنے والے افسران کے خلاف بھی بلاتفریق کارروائی عمل میں لائی جائے، بصورت دیگر عوام احتجاجی راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے۔
