یومِ آزادی پاکستان قومی جذبے کے ساتھ منایا جائے گا، اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان نادیہ پروین

پنڈدادنخان: اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان نادیہ پروین کی زیر صدارت یومِ آزادی کی تیاریوں کے حوالے سے اے سی آفس میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ڈی ایس پی پنڈدادنخان، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی ارباب عارف، اسسٹنٹ سی او ملک غلام اکبر، تحصیل انتظامیہ، مختلف سرکاری محکموں کے افسران، ریسکیو 1122، آر ڈبلیو ایم سی، اسکول و کالج سربراہان اور انجمن تاجران کے نمائندہ وفد نے شرکت کی۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر نادیہ پروین نے کہا کہ "14 اگست ہماری قومی شناخت اور آزادی کی علامت ہے، جو ہمارے بزرگوں کی قربانیوں کے نتیجے میں حاصل ہوئی۔ یومِ آزادی کو قومی جذبے اور عقیدت کے ساتھ منایا جائے گا۔”
انہوں نے بتایا کہ یکم اگست سے 14 اگست تک شہر بھر میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جن میں قومی ریلیاں، ثقافتی و تعلیمی پروگرام، اسکول، کالجز اور مدارس میں تقریری، نعت، قومی نغمے، آرٹ شوز، کھیلوں کے مقابلے اور کامیاب طلبہ و طالبات میں انعامات کی تقسیم, 14 اگست کو تاریخی مقبرے پر چادر پوشی، دعا اور پرچم کشائی کی تقریب بھی منعقد ہو گی۔
اجلاس میں انجمن تاجران کے نمائندوں نے کھیوڑہ میں پارک کی تعمیر پر اسسٹنٹ کمشنر کے اقدام کو سراہا۔ راجہ مدثر حیات نے پنڈدادنخان میں بھی پارک کی تعمیر کے مطالبے پر زور دیا۔
اجلاس کا اختتام ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کے ساتھ کیا گیا۔



