جہلم میں امام مسجد ریلوے لائن عبور کرتے ہوئے ٹرین کی زد میں آ کر جاں بحق

جہلم میں امام مسجد ریلوے لائن عبور کرتے ہوئے ٹرین کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کے علاقے اقبال ٹاؤن کشمیر کالونی میں ایک افسوسناک اور دلخراش واقعہ پیش آیا، جہاں ایک امام مسجد ریلوے ٹریک عبور کرتے ہوئے تیز رفتار ٹرین کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گئے۔

عینی شاہدین کے مطابق متوفی امام مسجد زاہد عصر کی نماز پڑھانے کے بعد اپنے گھر واپس جا رہے تھے۔ جیسے ہی وہ ریلوے لائن عبور کرنے لگے تو اچانک ٹرین آگئی۔ وہ ٹرین کی آمد کو محسوس نہ کر سکے اور ٹرین کی زد میں آ کر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

زاہد امام مسجد جامعہ نوشاہیہ کشمیر کالونی میں زیرِ تعلیم بھی تھے اور اسی مسجد میں امامت کے فرائض سر انجام دے رہے تھے۔ ان کی اچانک وفات کی خبر علاقے میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی، جس کے بعد اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔

ریسکیو 1122 اور پولیس کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر لاش کو اپنی تحویل میں لیا اور سول اسپتال جہلم منتقل کیا۔ پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں واقعہ حادثاتی معلوم ہوتا ہے، تاہم واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

Exit mobile version