8
جہلم میں حکومت پنجاب کے قبضہ مافیا کے خلاف اقدامات کو ضلع کے شہریوں نے انتہائی قابل تحسین قرار دیا ہے۔
حکومت کی جانب سے بااثر افراد اور لینڈ گریبرز کے خلاف سخت کارروائیاں اور حقداروں کو ان کی زمینیں واپس دلوانے کا عمل شہریوں کے لیے ایک تاریخی اور احسن قدم ثابت ہوا ہے۔
شہریوں نے بتایا کہ یہ وہ مسئلہ تھا جس کے حل کے لیے لوگ نسلوں سے در بدر کی ٹھوکریں کھاتے رہے، مگر اب پہلی بار وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دور میں انہیں انصاف کی حقیقی امید نظر آ رہی ہے۔
ایک عوامی سروے میں شہریوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قبضہ مافیا کے خلاف قانون سازی اور عملی کارروائی سے عام آدمی کا اعتماد بحال ہوا ہے اور لوگوں کو اپنے حقوق کے تحفظ کا یقین ہوا ہے۔
شہریوں کا مزید کہنا تھا کہ سابقہ ادوار میں بااثر افراد اور زمین پر قابض عناصر کے سامنے کمزور طبقہ ہمیشہ بے بس رہا، جس کے باعث سینکڑوں خاندان اپنی جائز جائیدادوں سے محروم رہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی حکومت کے اس اقدام کو صرف زمینوں کی واگزاری تک محدود نہیں بلکہ یہ قانون کی بالادستی، انصاف کے نفاذ اور عوامی حقوق کے تحفظ کی علامت ہے۔
اس اقدام سے ضلع جہلم کے شہریوں میں قانونی نظام پر اعتماد بڑھا ہے اور انہیں امید ہے کہ مستقبل میں بھی حکومت اپنے اقدامات کے ذریعے انصاف کی فراہمی اور عوامی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے گی۔
شہریوں نے حکومت کے اس فیصلہ کن قدم کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ عوامی حقوق کی بحالی اور عدلیہ کی بالادستی کو یقینی بنانے کی طرف ایک مثبت اور دیرپا پیش رفت ہے۔
