جہلم: پنجاب میں نجی سکولوں کی سیفٹی موبائل ایپ پر فوری رجسٹریشن لازمی قرار

جہلم: پنجاب حکومت نے جہلم سمیت پنجاب بھر کے غیر رجسٹرڈ پرائیویٹ سکولوں کو سیفٹی موبائل ایپ پر فوری رجسٹریشن کرانے کے لیے سخت ہدایات جاری کر دی ہیں۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن نے تمام سکولوں کے لیے پیک سیفٹی موبائل ایپ پر رجسٹریشن لازمی قرار دے دیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق اے پلس، اے اور بی کیٹیگری کے سکولوں کو ترجیحی بنیادوں پر رجسٹریشن کروانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے جبکہ تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے لیے موبائل ایپ انسٹال کرنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔

محکمہ اسکول ایجوکیشن کے مطابق سکول انتظامیہ کو ہوم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ سیکیورٹی ایس او پیز پر بھی مکمل عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔ باقی ماندہ سکولوں کی فہرست متعلقہ دفاتر کو ارسال کر دی گئی ہے جبکہ ای میل کے ذریعے رجسٹریشن اور ایپ انسٹال کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔

تمام چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز) کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ احکامات پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ محکمہ کی جانب سے سکول رجسٹریشن کا عمل 19 مارچ تک ہر صورت مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔

محکمہ اسکول ایجوکیشن نے واضح کیا ہے کہ احکامات پر عمل نہ کرنے والے اداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ تعلیمی اداروں کی نگرانی اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

Exit mobile version