پنڈدادنخان میں والدہ سے جھگڑا کر کے گھر میں آگ لگانے والا ناخلف بیٹا گرفتار

پنڈدادنخان میں والدہ سے لڑائی جھگڑا اور گھر کو آگ لگانے والے ناخلف بیٹے کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں تھانہ جلالپور شریف پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے والدہ سے لڑائی جھگڑا کرنے اور گھر میں آگ لگا کر سامان جلانے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
متاثرہ خاتون نے تھانہ جلالپور شریف میں درخواست دی کہ اس کا بیٹا آئے روز اس سے پیسے طلب کرتا ہے اور انکار کرنے پر جھگڑا کرتا ہے۔ خاتون کے مطابق اس کے ناخلف بیٹے نے پیسے نہ ملنے پر لڑائی جھگڑا کیا اور گھر میں آگ لگا کر سامان کو نقصان پہنچایا۔
درخواست موصول ہونے پر ایس ایچ او تھانہ جلالپور شریف اور ان کی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا اور اس کے خلاف تھانہ جلالپور شریف میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری کا کہنا ہے کہ جہلم پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔



