دینہ میں اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے پولیس و ٹریفک پولیس کے اعزاز میں افطار ڈنر

دینہ: برطانیہ میں مقیم حاجی محمد محمود، مکینیکل انجینئر ذیشان محمود اور چوہدری غازی کی جانب سے جہلم اور دینہ میں خدمات انجام دینے والے پنجاب پولیس اور ٹریفک پولیس کے افسران و جوانوں کے اعزاز میں ماڈل پولیس اسٹیشن دینہ میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب میں ایس ایچ او تھانہ دینہ ملک سرمد، انچارج پولیس سٹی چوکی محمد عمران، چوہدری مظہر اسلام گوندل (انسپکٹر سی سی ڈی)، راجہ نئیر کیانی (اسپیشل برانچ)، ملک مطلوب اے ایس آئی، عامر آزاد انسپکٹر انچارج کمپلینٹ سیل ڈی پی او آفس جہلم سمیت ٹریفک پولیس کے جوانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر برطانیہ میں مقیم حاجی محمد محمود نے کہا کہ پولیس افسران اور اہلکار سخت موسم اور مشکل حالات کے باوجود سڑکوں، چوراہوں اور گلی محلوں میں اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے ہیں تاکہ شہریوں کی زندگی محفوظ رہے اور معاشرے میں امن و امان برقرار رکھا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ افطار ڈنر صرف ایک دعوت نہیں بلکہ محبت، احترام اور شکر گزاری کا پیغام ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے وطن اور اس کے محافظوں کو کبھی نہیں بھولتے اور ایسے افسران کی حوصلہ افزائی ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ اس موقع پر حاجی محمد محمود نے چوہدری فیصل اور انسپکٹر پنجاب پولیس چوہدری مظہر اسلام کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس تقریب کے انعقاد میں تعاون کیا۔
تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ملک کے امن و استحکام کے لیے خدمات انجام دینے والے اداروں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔



