مہنگائی کی لہر کا سستے بازار کا رخ، سستے بازار میں سبزیاں و پھل مہنگی فروخت ہونے لگے

جہلم: مہنگائی کی لہر نے سستے بازار کا رخ کرلیا۔ سستے بازار میں سبزیاں و پھل مہنگی فروخت ہونے لگے۔شہر میں موجود سستے بازار میں خریداری کرنے والے صارفین کی چیخیں نکل گئیں۔ سستے بازار میں مہنگائی کے جراثیم پہنچنے پر خریداری کیلئے آنے والے صارفین غصے سے لال پیلے ہو نے لگے۔
مشین محلہ میں قائم سستے بازار میں ادرک چائنہ 640 کی بجائے 690 روپے ۔پیاز 95 کی بجائے 130 روپے ، لہسن 380 کی بجائے 430 روپے، آلو 80 روپے کی بجائے120 روپے ، ٹماٹر140 کی بجائے 180 روپے، سبز مرچ 85 روپے کی بجائے 130 روپے فی کلو میں فروخت ہو تی رہی۔
کریلا 135 روپے کی بجائے 180 روپے کلو، بیگن 120 کی بجائے 150 روپے ، بھنڈی 210 روپے کی بجائے 250 روپے کلو میں فروخت ہوتی رہی ۔ مہنگائی کا پہلے سے شکار عوام کو سستا بازار میں مہنگائی کا ہی سامناکرنا پڑرہا ہے۔
دوسری جانب پھلوں کے ریٹ بھی کم نہیں تھے ، آلو بخارا 240 کی بجائے 300 روپے کلو ، آڑو200 کی بجائے 250 روپے ، خوبانی سفید 190 کی بجائے 230 روپے ، آم سندھڑی 180 روپے کی بجائے 230 روپے ، کیلا 142 کی بجائے 180 روپے درجن میں فروخت ہو تا رہا۔
شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ حکمرانوں نے مہنگائی ختم کرنے کے سہانے سپنے دکھا کر ووٹ حاصل کئے اور اقتدار سنبھالنے کے بعد مہنگائی میں غیر معمولی اضافہ کرکے عوام کو خود کشیاں کرنے پر مجبور کردیاہے ۔
شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف چیف سیکرٹری پنجاب سے مطالبہ کیاہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ کرنے کا پابند بنایا جائے تاکہ ضلع بھر میں نافذ جنگل کے قانون کا خاتمہ ممکن ہو سکے اور غریب سفید پوش طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد اپنے بچوں کو 2 وقت کی روٹی مہیا کر سکیں ۔



