منشیات کیس کا فیصلہ، منشیات فروش کو 5 سال قید اور جرمانے کی سزا

دینہ: منشیات کے مقدمے میں جرم ثابت ہونے پر عدالت نے منشیات فروش کو قید اور جرمانے کی سزا سنا دی۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں عدالت نے منشیات کے مقدمہ نمبر 95/24 بجرم CNSA 9(i)3C تھانہ دینہ کا فیصلہ سناتے ہوئے مجرم کو قرار واقعی سزا دی۔
تفصیلات کے مطابق مجرم محمد ندیم اشرف نے سال 2024 میں منشیات فروشی کے جرم کا ارتکاب کیا تھا۔ معزز عدالت نے جرم ثابت ہونے پر مجرم محمد ندیم اشرف کو 05 سال قید اور 50 ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنانے کا حکم دیا۔
جہلم پولیس کے مطابق مجرم کو جدید تفتیشی طریقہ کار کے تحت ٹریس کر کے گرفتار کیا گیا اور ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت میں پیش کیا گیا۔ مقدمے کی مؤثر پیروی کے باعث عدالت نے مجرم کو قانون کے مطابق سزا سنائی۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ منشیات فروش معاشرے کا ناسور ہیں اور ان کے خاتمے کے لیے بھرپور اور بلاامتیاز آپریشن جاری رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان نسل کو تباہ کرنے والے عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
ڈی پی او جہلم نے کامیاب عدالتی فیصلے پر پولیس کی انوسٹیگیشن اور لیگل ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی اور تعریفی سرٹیفکیٹس کے ساتھ نقد انعام دینے کا اعلان بھی کیا۔



