جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں مہنگائی کے بے قابو طوفان نے غریب اور سفید پوش طبقے کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ بنیادی ضرورت کی چیز آٹا بھی عام آدمی کی قوتِ خرید سے باہر ہوتا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آٹے کی قیمتوں میں اضافے نے غریب اور متوسط طبقے کو شدید مالی مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ روزانہ محنت مزدوری کر کے اپنے بچوں کا پیٹ پالنے والے افراد کے لیے مہنگے داموں آٹا خریدنا ایک بڑا مسئلہ بن گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ آمدنی محدود ہونے کے باوجود اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے گھریلو بجٹ بری طرح متاثر کر دیا ہے۔
جہلم شہر کے علاوہ ضلع بھر کے مختلف علاقوں، سوہاوہ، پنڈ دادنخان اور نواحی دیہات میں آٹا 170 روپے فی کلو تک فروخت ہونے لگا ہے، جس کے باعث یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں اور کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے دو وقت کی روٹی کا انتظام کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے، جبکہ بعض خاندان ایک وقت کی روٹی سے بھی محروم ہونے لگے ہیں۔
شہریوں اور سماجی حلقوں کے مطابق پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی مبینہ عدم توجہی اور عدم دلچسپی کے باعث چکی مالکان اور ذخیرہ اندوزوں نے خود ساختہ مہنگائی کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ سرکاری نرخ ناموں پر عمل درآمد نہ ہونے کی وجہ سے دکاندار من مانے دام وصول کر رہے ہیں، جبکہ آٹے کی فروخت سرکاری نرخوں کے مطابق یقینی بنانے کے لیے مؤثر نگرانی دکھائی نہیں دے رہی۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا فوری نوٹس لیا جائے، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو متحرک کیا جائے اور ضلع بھر میں آٹے کی فروخت سرکاری نرخ نامے کے مطابق یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں، تاکہ غریب اور کم آمدنی والے خاندانوں کو مہنگائی کے اس بوجھ سے کچھ ریلیف مل سکے۔
