جہلم کے نواحی علاقے رجی پور ٹاہلیانوالہ کے رہائشی برطانوی شہری راجہ بلال نے اپنی وراثتی اراضی کے ریکارڈ میں مبینہ جعلسازی، ردوبدل اور زائد از حصہ اراضی فروخت کیے جانے کے خلاف حلقہ پٹواری سمیت محکمہ مال کے متعلقہ افسران اور اہلکاروں کے خلاف ڈپٹی کمشنر جہلم اور دیگر اعلیٰ حکام سے رجوع کر لیا ہے، جبکہ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کو بھی تحریری درخواست دے دی گئی ہے۔
متاثرہ شہری راجہ بلال نے پریس کانفرنس کے دوران اپنا موقف پیش کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ان کی عدم موجودگی کا مبینہ فائدہ اٹھاتے ہوئے حلقہ پٹواری اور محکمہ مال کے دیگر متعلقہ اہلکاروں نے ان کی وراثتی جائیداد کے سرکاری ریکارڈ میں ردوبدل کیا اور مبینہ طور پر زائد حصے کی فرد جاری کی، جس کی بنیاد پر اراضی فروخت کر دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے سے متعلق ان کے پاس دستاویزی شواہد بھی موجود ہیں۔
راجہ بلال کے مطابق ان کے والد کی وراثتی جائیداد میں سے ان کے قانونی حصے کے 13 مرلے کم کر کے خاندان کے دیگر افراد کے حصے میں رقبہ بڑھایا گیا، جبکہ ان کے حصے کی اراضی بھی مبینہ طور پر فروخت کر دی گئی۔ متاثرہ شہری نے دعویٰ کیا کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کی جانب سے کی جانے والی چھان بین کے دوران مذکورہ اراضی سے متعلق 23 انتقالات سامنے آئے ہیں۔
راجہ بلال نے حلقہ پٹواری عبدالخالق پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے زائد رقبے کی فرد جاری کر کے ان کی وراثتی اراضی کی فروخت کا راستہ ہموار کیا۔ انہوں نے اس معاملے کو محکمہ مال کے ریکارڈ اور فردِ بدر میں مبینہ بے ضابطگیوں کا معاملہ قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ مکمل ریکارڈ کی باریک بینی سے جانچ پڑتال کی جائے اور اس میں مبینہ ردوبدل کے ذمہ داران کا تعین کیا جائے۔
متاثرہ شہری راجہ بلال نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، ڈپٹی کمشنر جہلم اور محکمہ اینٹی کرپشن کے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ معاملے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کروائی جائیں، مبینہ طور پر سرکاری ریکارڈ میں کی جانے والی تبدیلیوں کی حقیقت سامنے لائی جائے اور الزامات ثابت ہونے کی صورت میں ذمہ دار افسران اور اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق محکمانہ اور فوجداری کارروائی عمل میں لائی جائے۔
