جہلم: حکومت پنجاب کی جانب سے محکمہ لائیو سٹاک کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور ویٹرنری سٹاف کی کارکردگی میں بہتری لانے کے لیے ضلع کونسل ہال جہلم میں موٹر سائیکلوں کی تقسیم کی ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی تھے۔ تقریب میں محکمہ لائیو سٹاک کے 37 ویٹرنری اہلکاروں میں سرکاری موٹر سائیکلیں تقسیم کی گئیں، تاکہ دور دراز علاقوں میں بھی عوام کو بروقت ویٹرنری سہولیات میسر آ سکیں۔
مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ہر شعبہ زندگی میں ترقی اور بہتری لانے کے لیے پُرعزم ہیں۔ حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ کسانوں، مویشی پال حضرات اور دیہی علاقوں کے مکینوں کو سہولیات فراہم کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ لائیو سٹاک کے اہلکاروں کو اب اپنے فرائض بہتر انداز میں انجام دینے کا موقع ملے گا، اور ان سے توقع ہے کہ وہ بھی کسانوں کو سہولت دینے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے ویژن کے مطابق ضلع جہلم میں تمام شعبوں کی ترقی کے لیے سنجیدہ اقدامات جاری ہیں، اور محکمہ لائیو سٹاک کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔ آج کی تقریب اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔
تقریب کے اختتام پر ویٹرنری سٹاف میں موٹر سائیکلیں تقسیم کی گئیں اور حکومت پنجاب کے اس اقدام کو شرکاء نے خوش آئند قرار دیا۔
