مکہ دفاعی معاہدے پر عمل درآمد وقت کی اہم ضرورت ہے، مرکزی علماء کونسل ضلع جہلم

جہلم: مرکزی علماء کونسل ضلع جہلم کے زیرِ اہتمام ضلع بھر کی مساجد میں جمعہ اجتماعات کے دوران سعودی عرب کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا گیا، جبکہ مدینہ منورہ، ریاض سمیت دیگر مقامات پر حوثی حملوں، عمرہ زائرین کو نشانہ بنانے کے واقعات اور حرمین الشریفین کے امن و تحفظ سے متعلق خدشات کے خلاف متفقہ قراردادیں منظور کی گئیں۔
قراردادوں میں ان واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومتِ پاکستان، اقوام متحدہ، تنظیم تعاون اسلامی (او آئی سی) اور عالمی برادری سے فوری نوٹس لینے اور مؤثر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
جمعہ اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے علماء کرام نے کہا کہ حرمین الشریفین پوری امتِ مسلمہ کے روحانی اور عقیدت کے مراکز ہیں اور ان کا تقدس ہر مسلمان کے لیے انتہائی محترم ہے۔ مقدس مقامات، سعودی عرب کی سرزمین اور زائرین کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے والے اقدامات کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔
علماء کرام نے کہا کہ مشکل حالات میں برادر اسلامی ملک سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار پاکستان کے علماء اور عوام کی دینی، اخلاقی اور ملی ذمہ داری ہے۔ پاکستانی علماء اور عوام حرمین الشریفین کے امن، حرمت اور احترام کے تحفظ کے لیے ہمیشہ آواز بلند کرتے رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرکزی علماء کونسل پاکستان اس مشکل گھڑی میں سعودی حکومت اور سعودی عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
مرکزی علماء کونسل کے زیرِ اہتمام جمعہ اجتماعات میں منظور کی گئی قراردادوں میں مطالبہ کیا گیا کہ سعودی عرب، حرمین الشریفین اور عمرہ زائرین کو نشانہ بنانے کے واقعات کی فوری اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کرائی جائیں۔ اقوام متحدہ اور او آئی سی ان واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے مؤثر اقدامات کریں اور مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ سمیت دیگر مقدس مقامات کے امن و تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
قراردادوں میں مزید مطالبہ کیا گیا کہ عمرہ زائرین اور سعودی عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے فول پروف انتظامات کیے جائیں اور عالمِ اسلام باہمی اختلافات سے بالاتر ہو کر تحفظِ حرمین الشریفین کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی اختیار کرے۔
مرکزی علماء کونسل پاکستان نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے مابین دفاعی معاہدے کی تمام شقوں پر فوری عمل درآمد کا بھی مطالبہ کیا۔ کونسل کے مطابق موجودہ حالات میں باہمی تعاون اور دفاعی معاہدوں پر عمل درآمد خطے کے امن و استحکام اور مقدس مقامات کے تحفظ کے لیے اہم ہے۔
مرکزی علماء کونسل پاکستان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کے علماء سعودی عرب کے امن و استحکام، حرمین الشریفین کے تقدس اور زائرین کی سلامتی کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرتے رہیں گے۔ مقررین نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقدس مقامات اور بے گناہ شہریوں کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرے اور خطے میں امن و سلامتی کے قیام کے لیے عملی اقدامات کرے۔



