جہلم میں یومِ یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے نمائشی ہاکی میچ کا انعقاد

جہلم: یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر گورنمنٹ کالج جی ٹی روڈ جہلم میں ایک نمائشی ہاکی میچ کا انعقاد کیا گیا، جس میں مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔

اس موقع پر ضلعی افسران، اساتذہ، طلبہ اور کھیلوں کے شائقین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

نمائشی میچ سائپرس کلب اور فرینڈز کلب کے درمیان کھیلا گیا، جس میں دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے شائقین کو محظوظ کیا۔ میچ کے دوران جوش و خروش عروج پر رہا اور کھلاڑیوں نے اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے کہا کہ ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہے اور یہ عوامی دلچسپی کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر ہاکی کے نمائشی میچ کا انعقاد دراصل کشمیر کے مسئلے کو اجاگر کرنے کی ایک مؤثر کوشش ہے۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس وقت دنیا دو بڑے تنازعات، کشمیر اور فلسطین، کا سامنا کر رہی ہے۔ پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتا آیا ہے اور اقوامِ متحدہ سمیت مختلف عالمی پلیٹ فارمز پر اس مسئلے کو اجاگر کر رہا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مختلف ممالک کی پارلیمان میں موجود پاکستانی اپنے عہدوں پر فائز ہو کر کشمیر کے مسئلے کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے کہا کہ ہم آج کے دن کشمیری عوام سے نہ صرف یکجہتی کا اظہار کر رہے ہیں بلکہ یہ پیغام بھی دے رہے ہیں کہ جس طرح کھلاڑی میدان میں کامیابی کے لیے ڈٹے رہتے ہیں، اسی طرح پوری پاکستانی قوم کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

تقریب کے اختتام پر مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے انعامات اور شیلڈز تقسیم کیں۔ حاضرین نے اس شاندار تقریب کے انعقاد کو سراہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ہر سطح پر کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھیں گے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button