انسان اپنی تخلیق کے مقصد پر غور کرے، امیر عبدالقدیر اعوان

نیو کاسل: امیر عبدالقدیر اعوان نے کہا ہے کہ اللہ کریم نے ہر شے کو ایک خاص مقصد کے تحت پیدا فرمایا ہے اور انسان کو بھی اپنی تخلیق اور مقصدِ حیات پر ضرور غور کرنا چاہیے۔

شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ امیر عبدالقدیر اعوان نے برطانیہ کے شہر نیو کاسل میں منعقدہ سراجا منیرا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کائنات کی ہر مخلوق اپنے مقررہ مقصد کے تحت کام کر رہی ہے، جیسے سورج روشنی اور حرارت فراہم کرتا ہے، مگر اسے خود اس کا ادراک نہیں ہوتا، جبکہ اس کا خالق ہر چیز سے باخبر ہے۔ اسی طرح انسان کو بھی اپنی زندگی کے اصل مقصد کو سمجھنا چاہیے کیونکہ صرف کھانا، رہائش اور موت ہی زندگی نہیں بلکہ اس کا ایک اعلیٰ مقصد ہے۔

انہوں نے کہا کہ انبیاء و رسل علیہم السلام وہ مبارک جماعت ہیں جنہوں نے انسانیت کی رہنمائی کی اور انسان کو اس کے مقصدِ حیات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہی وہ ہستیاں ہیں جنہوں نے مخلوق کو خالق سے جوڑا اور زندگی گزارنے کا درست طریقہ سکھایا۔

امیر عبدالقدیر اعوان نے مزید کہا کہ آج دنیا میں حیثیتوں کا فرق انسانوں کو ایک دوسرے سے دور کر رہا ہے، لیکن اللہ تعالیٰ کی ذات ایسی ہے جو دن میں پانچ مرتبہ اپنے بندوں کو اپنی بارگاہ میں بلاتی ہے، جہاں ہر انسان بلا امتیاز اپنے رب کے حضور حاضر ہو سکتا ہے۔

خطاب کے اختتام پر انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کی توفیق عطا فرمائے اور امت مسلمہ کو اتحاد و یگانگت نصیب کرے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button