پروفیسر علامہ ساجد میر کا سانحہ ارتحال پوری اُمت مسلمہ کے لیے گہرا صدمہ ہے، حافظ عبدالحمید عامر

جہلم: حافظ عبدالحمید عامر نے کہا ہے کہ پروفیسر علامہ ساجد میرؒ کا سانحہ ارتحال پوری اُمت مسلمہ کے لیے گہرے صدمے کا باعث ہے۔ ان کی وفات سے عالم اسلام ایک مدبر سیاستدان، جید عالم دین، دانشور اور مخلص مذہبی رہنما سے محروم ہو گیا ہے۔

اپنے تعزیتی بیان میں جامعہ علوم اثریہ جہلم کے مہتمم اور مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے نائب امیر حافظ عبدالحمید عامر نے کہا کہ حضرت الامیر نہ صرف ایک عظیم مذہبی رہنما تھے بلکہ آپ نے نصف صدی تک جماعت اہل حدیث کی قیادت کرتے ہوئے اسے فکری، تنظیمی، اور تبلیغی لحاظ سے ایک مضبوط ادارہ بنایا۔ آپ معاملہ فہمی، اصول پسندی، اخلاص اور فکری رہنمائی کا مجسم نمونہ تھے۔

انہوں نے کہا کہ قائد ملت علامہ احسان الٰہی شہیدؒ کے بعد کے مشکل ترین دور میں حضرت الامیر نے جماعت کی باگ ڈور سنبھالی اور اس کا نیٹ ورک ملک کے چاروں صوبوں میں مؤثر انداز سے پھیلایا۔ پیغام ٹی وی چینل سمیت متعدد تعمیری منصوبے ان کی امارت کی سنہری یادیں ہیں۔ بین الاقوامی سطح پر بھی ان کی خدمات کو عرب دنیا میں بھرپور طور پر سراہا گیا، حرمین شریفین کے ائمہ انہیں والد کا درجہ دیتے تھے۔

حافظ عبدالحمید عامر نے مزید کہا کہ تنظیمی، رفاہی اور علمی میدان میں حضرت الامیر کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ اہل حدیث تاریخ میں ان کا نام ہمیشہ جلی حروف میں لکھا جائے گا۔ اہلیانِ جہلم کے ساتھ ان کی گہری وابستگی اور خانوادہ حافظ عبدالغفور جہلمی کے ساتھ دیرینہ تعلقات قابلِ ذکر ہیں۔

آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ حضرت الامیر کی دینی خدمات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، ان کی مغفرت فرمائے اور جماعت اہل حدیث کو ان کا نعم البدل عطا کرے۔ انہوں نے اہلِ خانہ اور جماعتی رفقا سے دلی تعزیت کا اظہار بھی کیا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button