اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے والوں کا انجام ہمیشہ باعث عبرت بنتا ہے، امیر عبدالقدیر اعوان

امیر عبدالقدیر اعوان نے کہا ہے کہ صاحب اختیار اگر اپنی حدود سے تجاوز کرے اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرے تو اس کا انجام ہمیشہ عبرتناک ہوتا ہے۔ تاریخ ایسے واقعات سے بھری پڑی ہے جہاں طاقت، اقتدار اور دولت کے نشے میں مبتلا افراد اپنے انجام کو پہنچے اور رہتی دنیا تک دوسروں کے لیے نشانِ عبرت بن گئے۔

شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان امیر عبدالقدیر اعوان نے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قارون کے خزانوں کی چابیاں اٹھانے کے لیے بھی ایک جماعت درکار تھی، لیکن دولت کی فراوانی نے اسے غرور و تکبر میں مبتلا کر دیا اور اس کا انجام دنیا نے دیکھا۔ اسی طرح فرعون نے خود کو سب سے بڑا حاکم سمجھا، مگر اللہ تعالیٰ نے اسے قیامت تک آنے والی نسلوں کے لیے باعثِ عبرت بنا دیا۔

امیر عبدالقدیر اعوان نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ کتنے ہی حکمران گزرے جنہوں نے اپنے آپ کو وقت کا بادشاہ سمجھتے ہوئے فیصلے صادر کیے، لیکن آج وہ سب ماضی کا حصہ بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی اگر کوئی شخص اختیار کی حدود سے تجاوز کرے گا اور اپنی طاقت کا غلط استعمال کرے گا تو اس کا انجام بھی مختلف نہیں ہوگا۔

انہوں نے حضور نبی اکرم ﷺ کی شانِ اقدس کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں نے آپ ﷺ کی بارگاہ میں گستاخی کی، ان کے عبرتناک انجام کے واقعات تاریخ میں واضح طور پر موجود ہیں۔ آپ ﷺ کی نسبت سے بات کرنا، سننا یا بیان کرنا اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت اور احسان ہے، تاہم اس موضوع پر گفتگو انتہائی نزاکت اور ادب کا تقاضا کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دین کے معاملات میں گفتگو کرتے وقت احتیاط، ادب اور احترام کو ہمیشہ مقدم رکھا جائے۔ شیخ اور سالک کے تعلق سمیت تمام دینی امور میں نزاکت اور آداب کا خیال رکھنا ضروری ہے۔ اگر دل میں ادب موجود ہو تو انسان کے قول و عمل میں خود بخود وقار اور احتیاط پیدا ہو جاتی ہے۔

امیر عبدالقدیر اعوان نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ امتِ مسلمہ کو صحیح شعور، فہمِ دین اور حق کو پہچاننے کی توفیق عطا فرمائے اور ہمیں دین اسلام کی تعلیمات پر خلوصِ نیت کے ساتھ عمل کرنے کی سعادت نصیب فرمائے۔

خطاب کے اختتام پر انہوں نے پاکستان کی سلامتی، استحکام، ترقی اور بقا کے لیے خصوصی اجتماعی دعا بھی کرائی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button