جہلم پولیس کی اپریل کی کارکردگی رپورٹ جاری، 10 گینگز گرفتار، لاکھوں روپے مالیت کا مال مسروقہ برآمد

جہلم پولیس نے ماہ اپریل 2026 کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی، جس کے مطابق ضلع بھر میں جرائم کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے 10 گینگز کو گرفتار کیا گیا اور مجموعی طور پر 38 لاکھ 75 ہزار روپے مالیت کا مالِ مسروقہ برآمد کیا گیا۔

ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری کی قیادت میں جہلم پولیس امن و امان کے قیام، سنگین جرائم کی بیخ کنی، منشیات کے خاتمے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔ پولیس کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر سرچ آپریشنز، اسنیپ چیکنگ اور کمیونٹی پولیسنگ کے ذریعے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی گئیں۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ مجموعی طور پر 67 مجرمان اشتہاری گرفتار کیے گئے، جن میں 17 اے کیٹگری، 38 بی کیٹگری جبکہ 12 عدالتی مفروران شامل ہیں۔

قتل کے 4 مقدمات ٹریس کیے گئے جبکہ سیف سٹی اور جدید سائنسی ٹیکنالوجی کی مدد سے 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ریپ کے 2 مقدمات درج کر کے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

اسی طرح 10 گینگز کو ٹریس کرتے ہوئے 44 مقدمات میں 28 ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور ان کے قبضہ سے 38 لاکھ 75 ہزار روپے مالیت کا سامان برآمد کیا گیا، جس میں 17 موٹر سائیکلیں، ایک رکشہ، 12 موبائل فونز، ساڑھے چار تولہ سونا، 2 گائیں، ایک بھینس اور 2 بکریاں شامل ہیں۔

منشیات کے خلاف کارروائیوں میں 17 مقدمات درج کر کے 17 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن کے قبضہ سے 6 کلو 180 گرام چرس اور 170 بوتلیں شراب برآمد ہوئیں۔ اسی طرح ناجائز اسلحہ کے 17 مقدمات درج کر کے 17 ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور ان سے 11 پستول، 3 رائفل 12 بور، 2 دیگر رائفلز اور 36 گولیاں برآمد کی گئیں۔

قمار بازی میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کر کے 12 ہزار 130 روپے نقدی، 2 موٹر سائیکلیں، 4 موبائل فونز اور ایک مرغ برآمد کیا گیا۔

بھکاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 82 مقدمات درج کر کے 103 افراد کو گرفتار کیا گیا، جن میں 69 مرد اور 34 خواتین شامل ہیں۔ ہوائی فائرنگ کے 5 مقدمات درج کر کے 17 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

مزید برآں ضلع بھر میں 350 مختلف مقامات پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (IBOs) اور کمبنگ سرچ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران 11 ہزار 770 افراد اور 5 ہزار 120 گھروں کو چیک کیا گیا۔ کرایہ داری کا اندراج نہ کروانے پر 7 مقدمات درج کر کے 10 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ غیر قانونی طور پر مقیم 74 افغان شہریوں کو گرفتار کر کے ہولڈنگ کیمپ منتقل کیا گیا۔

ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 5 ہزار 724 چالان کیے گئے اور مجموعی طور پر ایک کروڑ 28 لاکھ 40 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

پولیس خدمت مراکز میں 6 ہزار 650 شہریوں کو مختلف سہولیات فراہم کی گئیں جبکہ ڈی پی او جہلم نے کمپلینٹ سیل کے ذریعے 317 سائلین کی شکایات سن کر ان کے فوری حل کے احکامات جاری کیے۔

ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کا کہنا ہے کہ جہلم پولیس عوام کے تحفظ، جرائم کے خاتمے اور انصاف کی فراہمی کے لیے ہمہ وقت متحرک ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button