پنڈدادنخان میں مسلح ڈاکو میاں بیوی سے طلائی زیورات اور موبائل فون چھین کر فرار

پنڈدادنخان: تھانہ جلالپور شریف سے چند سو گز کے فاصلے پر ڈکیتی کی دلیرانہ واردات میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار ڈاکو میاں بیوی سے طلائی زیورات اور موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے جبکہ شہریوں نے علاقے میں بڑھتے جرائم اور پولیس کے رویے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں گزشتہ رات تقریباً دس بجے میاں بیوی اپنے گھر جا رہے تھے کہ تھانہ جلالپور شریف کے قریب تین نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے انہیں روک لیا۔ ملزمان نے اسلحہ کے زور پر خاتون سے سونے کی بالیاں، لاکٹ، چین اور موبائل فونز چھین لیے اور واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
متاثرہ خاندان کے مطابق واردات کے فوری بعد وہ تھانہ جلالپور شریف پہنچے اور ایس ایچ او کو تمام صورتحال سے آگاہ کیا، تاہم بروقت ناکہ بندی اور مؤثر کارروائی نہ ہونے کے باعث ملزمان آسانی سے فرار ہو گئے۔
شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں چوری، ڈکیتی، فائرنگ اور لڑائی جھگڑے کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث لوگوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھتا جا رہا ہے۔ شہریوں نے الزام عائد کیا کہ پولیس جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری کے بجائے متاثرین کو طفل تسلیاں دینے میں مصروف دکھائی دیتی ہے۔
عوامی حلقوں نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری سے واقعہ کا فوری نوٹس لینے، پولیس گشت میں اضافہ کرنے اور تھانہ جلالپور شریف میں فرض شناس و متحرک افسران تعینات کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ شہری خود کو محفوظ محسوس کر سکیں اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنائی جا سکے۔



