جہلم چیمبر انتخابات؛ یونائیٹڈ الائنس گروپ نے ایک اور نشست جیت لی، کامیابی پر جشن

جہلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات میں یونائیٹڈ الائنس گروپ نے اپنی پوزیشن مزید مستحکم کرتے ہوئے ایک اور نشست اپنے نام کر لی۔

صدر جہلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری حاجی زاہد حسین بٹ کی ایک نشست پر بلا مقابلہ کامیابی کی خوشی میں چیمبر میں جشن کا سماں رہا، مٹھائیاں تقسیم کی گئیں اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے، جبکہ چیمبر ممبران اور تاجر برادری کی جانب سے نومنتخب امیدوار کو مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری رہا۔

تفصیلات کے مطابق حاجی زاہد حسین بٹ کو ایک نشست پر بلا مقابلہ کامیابی حاصل ہونے پر یونائیٹڈ الائنس گروپ کے رہنماؤں اور ممبران نے انہیں پھولوں کے ہار پہنائے۔ چیمبر کے سینکڑوں ممبران نے بلا مقابلہ کامیابی پر حاجی زاہد حسین بٹ کو مبارکباد پیش کی، جبکہ کارکنوں اور حامیوں نے مٹھائیاں تقسیم کرکے خوشی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ڈھول کی تھاپ پر جشن بھی منایا گیا۔

اس موقع پر حاجی زاہد حسین بٹ نے کہا کہ یونائیٹڈ الائنس گروپ کی کامیابی دراصل جہلم کی کاروباری برادری کے اعتماد کی فتح ہے۔ انہوں نے بلا مقابلہ کامیابی پر چیمبر ممبران اور تاجر برادری کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اعتماد نے ذمہ داری میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کو ایک مضبوط، مؤثر اور باوقار پلیٹ فارم فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔ چیمبر آف کامرس محض انتخابات کا فورم نہیں بلکہ ضلع بھر کے صنعتکاروں، تاجروں اور کاروباری افراد کے مسائل متعلقہ حکام تک پہنچانے اور ان کے حل کے لیے ایک مؤثر ذریعہ ہے۔

حاجی زاہد حسین بٹ نے کہا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ چیمبر کو مزید فعال اور متحرک بنایا جائے اور اسے کاروباری برادری کی حقیقی آواز کے طور پر مضبوط کیا جائے۔ صنعت و تجارت کے فروغ اور مقامی کاروباری افراد کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ یونائیٹڈ الائنس گروپ نے ہمیشہ ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر اجتماعی مفاد اور کاروباری برادری کی خدمت کو ترجیح دی ہے۔ 15 ستمبر کو ان شاء اللہ یونائیٹڈ الائنس گروپ کامیابی کا ایک اور سنگِ میل عبور کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی کسی ایک فرد یا گروپ کی نہیں بلکہ جہلم کی پوری کاروباری برادری کے اتحاد اور اعتماد کی عکاس ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ کامیابی کے بعد ذمہ داریاں مزید بڑھ جائیں گی اور وہ پہلے سے زیادہ جذبے اور عزم کے ساتھ کاروباری برادری کی خدمت جاری رکھیں گے۔

تقریب کے اختتام پر یونائیٹڈ الائنس گروپ کے رہنماؤں اور ممبران نے ایک دوسرے کو مبارکباد دی، مٹھائیاں تقسیم کیں اور کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا۔

Exit mobile version