ہسپتالوں میں صاف ستھرا ماحول اور بہتر علاج فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے، ڈپٹی کمشنر جہلم

3
جہلم: شہریوں کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے علی الصبح ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات بشمول کیتھ لیب اور ایمرجنسی وارڈ کا تفصیلی معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا براہِ راست جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر جہلم نے کیتھ لیب اور ایمرجنسی میں طبی آلات کی دستیابی، ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی حاضری کا ریکارڈ چیک کیا۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو سخت ہدایت کی کہ ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جائے اور ادویات کی مفت فراہمی میں کسی قسم کی تاخیر یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے وارڈز اور واش رومز کی حالت بہتر بنانے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہسپتال کی صفائی اور مریضوں کی دیکھ بھال کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر اقدامات کیے جائیں، کیونکہ صاف ستھرا ماحول اور معیاری علاج کی فراہمی انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر جہلم نے زیرِ علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کر کے ہسپتال عملے کے رویے اور دستیاب سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو پابند کیا کہ تمام طبی مشینری کو مکمل ورکنگ حالت میں رکھا جائے اور مریضوں کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے، تاکہ حکومتی پالیسیوں کے مطابق صحت کے شعبے میں عملی بہتری لائی جا سکے۔



