بیٹریوں، یو پی ایس اور سولر پینلز کی قیمتوں میں نمایاں کمی، صارفین کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے

جہلم: مہنگائی سے پریشان عوام کے لیے خوشخبری، اپریل کے مہینے میں بیٹریوں، یو پی ایس اور سولر پینلز کی قیمتوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق شہر جہلم سمیت گردونواح میں بجلی کے متبادل ذرائع کو اپنانے والے صارفین کے لیے یہ کمی خوش آئند قرار دی جا رہی ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق لیتھیم بیٹری کی قیمت میں 20 ہزار روپے جبکہ ٹیو بولر بیٹریوں میں 15 ہزار روپے کی واضح کمی دیکھی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ سولر پینلز کی قیمت بھی کم ہو کر 28 روپے فی واٹ تک پہنچ چکی ہے، جو کہ گزشتہ ماہ کی قیمتوں کے مقابلے میں نمایاں کمی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کمی کی بنیادی وجہ درآمدات میں اضافہ اور حکومتی سطح پر قابل تجدید توانائی کے فروغ سے متعلق مثبت پالیسیوں کا نفاذ ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے ملک میں مقامی سطح پر سولر انورٹرز اور دیگر متعلقہ اشیاء کی تیاری کے لیے صنعتی پلانٹس لگانے کا بھی منصوبہ تیار کر لیا ہے، جس کے باعث نہ صرف مقامی صنعت کو فروغ ملے گا بلکہ مستقبل قریب میں ان اشیاء کی قیمتوں میں مزید کمی متوقع ہے۔
صارفین کا کہنا ہے کہ بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے سولر سسٹم ایک بہترین متبادل بن چکا ہے، اور قیمتوں میں حالیہ کمی سے عام آدمی کو بڑی ریلیف ملے گا۔



