جہلم: محکمہ ہاؤسنگ پنجاب نے سستے اور قابل استطاعت رہائشی منصوبوں کے حوالے سے اہم اور انقلابی فیصلہ کر لیا ہے۔
اب جہلم سمیت پنجاب بھر کی تمام ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کے قوانین اور قانونی فریم ورک کو یکساں بنایا جائے گا تاکہ سرکاری و نجی ہاؤسنگ سکیموں میں سہولیات سے بھرپور، سستے گھروں کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
پنجاب حکومت نے قانون سازی کے عمل کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت ہر ہاؤسنگ اسکیم کو سماجی ذمہ داری کے تحت کچھ فیصد رقبہ سستے اور قابل استطاعت گھروں کے لیے مختص کرنا ہوگا۔ اس سلسلے میں محکمہ ہاؤسنگ کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نئے قوانین کا اطلاق تمام ضلعی ڈویلپمنٹ اتھارٹیز، روڈا، پھاٹا اور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ پر بھی ہو گا، تاکہ صوبے بھر کے شہریوں کو معیاری اور کم قیمت رہائش کے بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ قانون سازی مکمل ہونے کے بعد فوری عملدرآمد شروع کیا جائے گا۔
