ترکیہ کی فلاحی تنظیم دیانت فاؤنڈیشن اور مسلم ہینڈز پاکستان کا مستحقین میں راشن کی تقسیم

جہلم: برادر اسلامی ملک ترکیہ کی معروف فلاحی تنظیم دیانت فاؤنڈیشن نے مسلم ہینڈز پاکستان کے اشتراک سے جہلم اور دینہ میں 700 سے زائد مستحق گھرانوں میں رمضان المبارک کے لیے راشن تقسیم کیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی سفیر برائے مذہبی امور سفارت خانہ ترکیہ عبدالرحمن تھے، جنہوں نے خود راشن پیک تقسیم کیے۔

تفصیلات کے مطابق ترکیہ جو ہمیشہ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا رہا ہے کی عالمی شہرت یافتہ فلاحی تنظیم دیانت فاؤنڈیشن نے مسلم ہینڈز پاکستان کے ساتھ مل کر ضلع جہلم میں ضرورت مند خاندانوں کے لیے ماہِ رمضان کے دوران راشن فراہم کیا۔

اس موقع پر سفارت خانہ ترکیہ کے مذہبی امور کے سفیر عبدالرحمٰن اور دیانت فاؤنڈیشن کے چیئرمین محمد موسیٰ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم ترکی سے دیانت کے صدارتِ امور اور ترکی دیانت وقف کی نمائندگی کرتے ہوئے پاکستان آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی، مذہبی اور ثقافتی روابط انتہائی مضبوط ہیں، اور ہر مشکل گھڑی میں دونوں ممالک ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔

دیانت فاؤنڈیشن اور مسلم ہینڈز پاکستان کے تعاون سے رمضان المبارک میں روزمرہ استعمال کی اشیاء پر مشتمل راشن مستحق خاندانوں میں تقسیم کیا گیا۔ اس فلاحی منصوبے کے تحت پاکستان کے مختلف 22 شہروں میں 13,500 سے زائد راشن پیکجز، 2,000 افراد کے لیے عید کے کپڑے اور 8,500 افراد کے لیے افطار پروگرام کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے۔

جہلم اور دینہ میں منعقدہ اس تقریب کے دوران مستحق افراد میں راشن کی عزت و وقار کے ساتھ تقسیم کی گئی، جس پر شہریوں نے ترکیہ کی فلاحی تنظیم دیانت فاؤنڈیشن اور مسلم ہینڈز پاکستان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور اس فلاحی کام کو سراہا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات غریب اور مستحق طبقے کے لیے بڑی مدد فراہم کرتے ہیں اور دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بناتے ہیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button