ڈی پی او جہلم کا چائینز گارد کھیوڑہ اور پولیس خدمت مرکز پنڈدادنخان کا دورہ

پنڈدادنخان: ڈی پی او جہلم نے چائینز گارد کھیوڑہ، پولیس خدمت مرکز پنڈدادنخان، ٹریفک دفتر اور ٹریفک سکول کا دورہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے چائینز گارد ایل سی آئی کھیوڑہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چائنیز باشندگان کی رہائش گاہوں اور کام کرنے کی جگہوں کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر ڈی ایس پی پنڈدادنخان اور ایس ایچ او تھانہ پنڈدادنخان نے ڈی پی او کو سیکیورٹی انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈی پی او جہلم نے اس موقع پر کہا کہ ملکی تشخص کی بہتری کے لیے غیر ملکیوں کو پرامن ماحول فراہم کرنا جہلم پولیس کا اولین فریضہ ہے۔ چائنیز باشندگان ہمارے وی آئی پی مہمان ہیں، جن کی سیکیورٹی میں ذرا برابر لغزش کی گنجائش نہیں ہے۔
قبل ازیں ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے پولیس خدمت مرکز پنڈدادنخان، ٹریفک دفتر اور ٹریفک سکول کا دورہ بھی کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے دفاتر کے ریکارڈ، عمارتوں اور صفائی کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ڈی پی او نے صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو ٹریفک سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
انہوں نے پولیس اہلکاروں کو ہدایت کی کہ خدمت مرکز میں آنے والے شہریوں سے اچھے اخلاق سے پیش آئیں اور انہیں بہترین سہولیات فراہم کریں۔ ڈی پی او جہلم نے اعلان کیا کہ پولیس کی کارکردگی جانچنے کے لیے سرپرائز وزٹ کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔



