دینہ: وقار احمد نے کہا ہے کہ پاکستان ایک عظیم قربانی اور طویل جدوجہد کے بعد حاصل ہوا ہے اور ہمیں چاہیے کہ ہم اس آزادی کی قدر کریں اور جشنِ آزادی کو جوش و جذبے کے ساتھ منائیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق نائب ناظم سٹی دینہ وقار احمد نے کہا کہ تحصیل دینہ کی عوام 14 اگست کو بھرپور انداز میں منائیں، شہر کو سبز ہلالی پرچموں، برقی قمقموں اور خوبصورت سجاوٹ سے روشن کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے یکم اگست سے 14 اگست تک جشنِ آزادی کی تقریبات منانے کا اعلان خوش آئند اقدام ہے۔ قومی پرچم سبز ہلالی صرف کپڑے کا ٹکڑا نہیں بلکہ یہ ہماری خود مختاری، وقار اور قربانیوں کی علامت ہے۔ ہمیں چاہیے کہ اپنے بچوں اور نوجوان نسل کو بھی اس دن کی اہمیت سے آگاہ کریں اور ان کے دلوں میں وطن کی محبت کو مزید گہرا کریں۔
انہوں نے کہا کہ تحصیل دینہ میں مختلف تقاریب، ریلیوں، تقریری مقابلوں اور پرچم کشائی کی تقریبات کا انعقاد کیا جانا چاہیے تاکہ دنیا کو یہ پیغام جائے کہ پاکستانی قوم اپنے وطن سے بے پناہ محبت کرتی ہے اور ہر مشکل وقت میں متحد ہوتی ہے۔
وقار احمد نے مزید کہا کہ ہماری پاک فوج اور حکومت نے جس دلیری سے ملک دشمن بھارت کو منہ توڑ جواب دیا ہے، اس سے قوم کے حوصلے مزید بلند ہوئے ہیں۔ ہمیں اپنے وطن، اپنی افواج اور اپنی آزادی پر فخر ہے، اور ہمیں چاہیے کہ یہ دن اتحاد، یکجہتی اور وطن سے محبت کے جذبات کے ساتھ منائیں۔
