تفتیش کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے 12 تھانوں اور 7 چوکیوں میں کرائم سین پروٹیکشن کٹس تقسیم

جہلم: انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم کے احکامات کی روشنی میں تفتیش کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور جائے وقوعہ سے شواہد کو محفوظ بنانے کے لیے ضلع جہلم کے 12 تھانوں اور 7 پولیس چوکیوں میں تعینات 19 سرکاری گاڑیوں کو کرائم سین پروٹیکشن کٹس فراہم کر دی گئی ہیں۔

ان کٹس میں ٹریفک کونز، کرائم سین پروٹیکشن ٹیپ، ایویڈنس مارکرز اور دیگر ضروری اشیاء شامل ہیں۔ ان اشیاء کی مدد سے پولیس اہلکار کسی بھی واقعہ کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ کو فوری طور پر کورڈن آف (محفوظ) کر سکیں گے تاکہ غیر متعلقہ افراد کی آمد و رفت کو روکا جا سکے اور شواہد کو ضائع ہونے سے بچایا جا سکے۔

کرائم سین پروٹیکشن کٹس کا بنیادی مقصد جائے وقوعہ کو محفوظ بنا کر مضبوط اور مؤثر تفتیش کو یقینی بنانا ہے۔ ان کٹس کے استعمال سے پولیس اہلکار شواہد کو بہتر انداز میں محفوظ اور دستاویزی شکل میں جمع کر سکیں گے جس سے کیس کی تفتیش میں آسانی پیدا ہوگی اور ملزمان تک جلد رسائی ممکن ہو سکے گی۔

ضلع جہلم پولیس کے مطابق یہ اقدام پروفیشنل اور جدید پولیسنگ کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہے جس سے نہ صرف شواہد کے ضائع ہونے کے امکانات کم ہوں گے بلکہ مقدمات میں مضبوط شہادتیں فراہم ہونے سے ملوث ملزمان کو جلد ٹریس کر کے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے میں بھی مدد ملے گی۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری کا کہنا ہے کہ جہلم پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور بروقت انصاف کی فراہمی کے لیے جدید وسائل کے استعمال کو یقینی بنا رہی ہے۔

Exit mobile version