جہلم پولیس کا پتنگ بازوں کے خلاف مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن، 5 ملزمان گرفتار

جہلم: پتنگ بازی کی روک تھام کے لیے جہلم پولیس کی جانب سے جاری خصوصی مہم کے دوران سول لائنز پولیس نے مختلف علاقوں میں چھتوں پر سرچنگ کرتے ہوئے پتنگ بازی میں ملوث پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے پتنگیں بھی برآمد کر لی گئیں۔

ملزمان پتنگ بازی کر کے قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب ہو رہے تھے، جنہیں سول لائنز پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران گرفتار کیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے برآمد ہونے والی پتنگیں تحویل میں لے کر ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر لیے ہیں، جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

پولیس حکام کے مطابق نئے قانون کے تحت غیر قانونی طور پر پتنگیں تیار کرنے، ذخیرہ کرنے، سپلائی کرنے یا قبضے میں رکھنے پر بھاری جرمانہ اور پانچ سال تک قید کی سزا مقرر کی گئی ہے۔

اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا ہے کہ پتنگ بازی ایک خطرناک اور خونی کھیل ہے، جس کے باعث قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ڈی پی او جہلم نے مزید واضح کیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کیا جائے گا اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

Exit mobile version