جہلم: پنجاب فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائی، تین دودھ بردار گاڑیوں سے 2 ہزار لیٹر مضرِ صحت دودھ برآمد

20
جہلم: پنجاب فوڈ اتھارٹی نے جی ٹی روڈ راٹھیاں اور ڈومیلی کے علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے تین دودھ بردار گاڑیوں سے 2 ہزار لیٹر مضرِ صحت دودھ برآمد کر لیا۔
ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق دودھ انسانی صحت کے لیے خطرناک تھا، جسے موقع پر ہی تحویل میں لے کر تلف کر دیا گیا۔
ترجمان کے مطابق برآمد ہونے والا ناقص دودھ ضلع منڈی بہاالدین سے جہلم اور راولپنڈی فروخت کے لیے سپلائی کیا جا رہا تھا۔ فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے دودھ کی جانچ کے دوران اسے غیر معیاری اور مضرِ صحت قرار دیا، جس کے بعد فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ناقص دودھ برآمد ہونے پر گاڑیوں کے مالکان پر مجموعی طور پر ایک لاکھ 15 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور مضرِ صحت خوراک کی ترسیل کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
فوڈ اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دودھ اور دیگر اشیائے خورونوش خریدتے وقت محتاط رہیں اور غیر معیاری خوراک کی اطلاع متعلقہ حکام کو دیں تاکہ عوامی صحت کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔



