جہلم بار کے وفد کی ڈی پی او جہلم سے ملاقات، سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار

جہلم: صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن جہلم ملک رضوان احمد، سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن چوہدری عبدالرحمٰن برگٹ اور ایگزیکٹو ممبر چوہدری ولید نے ڈی پی او آفس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو سے ملاقات کی۔
اس موقع پر وکلاء کے وفد نے ضلع جہلم میں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور پولیس کے مؤثر سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
صدر بار ایسوسی ایشن ملک رضوان احمد نے کہا کہ سیف سٹی پروجیکٹ کے قیام کے بعد ضلع جہلم میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے اور پولیس کی کارکردگی میں بھی بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔ انہوں نے ڈی پی او جہلم کی قیادت میں پولیس کے مؤثر اقدامات کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ قانون کی بالادستی اور شہریوں کے تحفظ کے لیے مزید مثبت اقدامات کیے جائیں گے۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان برقرار رکھنا اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون ہاتھ میں لینے والے اور امن و امان خراب کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈی پی او نے وکلاء برادری کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ بار اور پولیس کا باہمی تعاون امن و امان کے قیام اور انصاف کی فراہمی کے لیے نہایت اہم ہے۔ ملاقات میں باہمی رابطے کو مزید مؤثر بنانے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔



