پیپلز پارٹی کو ضلع جہلم میں مزید فعال اور مضبوط بنایا جائے گا، رہنما پی پی پی

پڑی درویزہ: پاکستان پیپلز پارٹی ضلع جہلم میں اختلافات ختم کرنے اور باہمی اتحاد کے لیے صلح کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ اس سلسلے میں سابق ایڈوائزر وزیر اعظم آزاد کشمیر اور ممبر پی پی پی پنجاب کونسل برائے ضلع جہلم کی رہائش گاہ پر ایک پرتکلف افطار پارٹی کا انعقاد کیا گیا۔

افطار اجلاس میں سابق صدر پی پی پی تحصیل جہلم مرزا آفتاب حسین، سابق صدر تحصیل دینہ حاجی مسعود، سابق جنرل سیکریٹری پاکستان پیپلز پارٹی تحصیل دینہ ڈاکٹر اسد شبیر، پاکستان پیپلز پارٹی ضلع جہلم کے موجودہ صدر چوہدری تسنیم ناصر گجر، جنرل سیکریٹری اور دیرینہ نظریاتی کارکن مرزا عبدالغفار سمیت پارٹی کے دیگر کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اجلاس میں متفقہ طور پر عہد کیا گیا کہ باہمی گلے شکوے ختم کر کے پاکستان پیپلز پارٹی کے پرچم تلے متحد ہو کر سیاسی جدوجہد جاری رکھی جائے گی اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کو پاکستان کا وزیر اعظم منتخب کروانے کے لیے بھرپور کوشش کی جائے گی۔

پاکستان پیپلز پارٹی ضلع جہلم کے سیکریٹری اطلاعات شہزاد اشرف بھٹی کے مطابق اس صلح جو اجلاس میں واضح طور پر اعتراف کیا گیا کہ ناراض رہنماؤں اور کارکنوں کو دوبارہ پارٹی پلیٹ فارم پر لانے میں پی پی پی راولپنڈی ڈویژن کے صدر عشر حیات خان، جنرل سیکریٹری ملک خالد نواز بوبی، سیکریٹری اطلاعات عثمان ستی اور خصوصاً نمبردار چوہدری اونگزیب جنرل سیکریٹری پی پی پی شمالی جرمنی نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ اجلاس میں ان تمام شخصیات کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا گیا۔

اجلاس کے شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس اتحاد کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی ضلع جہلم میں اپنا کھویا ہوا سیاسی مقام دوبارہ حاصل کر سکے گی۔

اجلاس کے اختتام پر دعائے خیر کی گئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے نظریے ’’سوشلزم ہماری معیشت ہے‘‘ پر قائم رہتے ہوئے پارٹی کے مقاصد کے حصول کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button