جہلم پولیس کا ضلع بھر میں سپیشل سرچ آپریشنز اور ناکہ بندی، 416 افراد کی چیکنگ

جہلم: ضلع جہلم میں دہشت گردوں، جرائم پیشہ عناصر اور سماج دشمن قوتوں کی سرکوبی کے لیے پولیس کی جانب سے وسیع پیمانے پر سپیشل سرچ آپریشنز اور ناکہ بندیاں کی گئیں۔

ان کارروائیوں کے دوران ضلع بھر میں 14 مختلف مقامات پر سرچ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران مجموعی طور پر 416 افراد کی تلاشی اور ویری فکیشن عمل میں لائی گئی۔

یہ کارروائیاں ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایات پر عمل میں لائی گئیں، جن کا مقصد نہ صرف اہم تنصیبات کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانا تھا بلکہ مجرمان اشتہاریوں، جرائم پیشہ افراد اور منشیات و اسلحہ رکھنے والوں کی گرفتاری کو بھی یقینی بنانا تھا۔

سرچ آپریشنز کے دوران شہریوں کی ویری فکیشن پولیس ایپلیکیشن کے ذریعے کی گئی جبکہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سپیشل ناکہ بندی کر کے گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور مشکوک افراد کی کڑی نگرانی کی گئی۔

ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے اس موقع پر کہا کہ "سرچ آپریشنز کا بنیادی مقصد ضلع کو ہر قسم کے جرائم سے پاک رکھنا، ناجائز اسلحہ و منشیات کی برآمدگی، اور شرپسندوں کو ان کے مذموم عزائم سے باز رکھنا ہے۔” انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات مستقبل میں بھی جاری رہیں گے تاکہ عوام کو پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔

Exit mobile version