4
جہلم: پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے چوری کے متعدد مقدمات میں ملوث بابرو گینگ کے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں ایس ایچ او تھانہ سٹی اور پولیس ٹیم نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کر لیا، جو شہر کے مختلف علاقوں میں چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ گھریلو سامان فروخت کر کے حاصل کی گئی 50 ہزار روپے نقدی بھی برآمد کر لی گئی۔
پولیس کے مطابق ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ دیگر وارداتوں کا سراغ لگایا جا سکے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور انہیں قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد چالان عدالت پیش کیا جائے گا، تاکہ انہیں قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ شہریوں کو ان کے قیمتی اثاثوں سے محروم کرنے والے جرائم پیشہ عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
