ذات اور برادریاں دنیاوی معاملات کی سہولت کیلئے ہیں، اللہ کے نزدیک اصل معیار تقویٰ ہے، امیر عبدالقدیر اعوان

سوہاوہ: شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان امیر عبدالقدیر اعوان کی چکوال آمد پر اہلیان چکوال، احبابِ سلسلہ اور مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے ان کا پرجوش اور والہانہ استقبال کیا۔

امیر عبدالقدیر اعوان کو چکوال پہنچنے پر پھولوں کے ہار پہنائے گئے، گلدستے پیش کیے گئے اور ان کی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ انہوں نے گاڑی سے اتر کر خود تمام احباب سے مصافحہ کیا، جس پر شرکاء نے خوشی و مسرت کا اظہار کیا۔

استقبالیہ تقریب میں شریک اہم شخصیات میں قاضی عمیر عزیز، ملک حفیظ انجم، محمد ارشد (صدر الاخوان راولپنڈی ڈویژن)، امجد اعوان (سیکرٹری اطلاعات تنظیم الاخوان پاکستان) سمیت بڑی تعداد میں عقیدت مند موجود تھے۔

بعد ازاں امیر عبدالقدیر اعوان نے خانپور میں اعوان برادری کی ایک نجی محفل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "ہر وہ محفل جو اللہ اور اس کے حبیب ﷺ کے ذکر سے خالی ہو، روزِ محشر سخت سوال کا سامنا کرے گی۔ نبی اکرم ﷺ کی ذات مجسم رحمت ہے، اور نیک اعمال کے لیے رہنمائی کا واحد در بھی یہی ہے۔”

انہوں نے کہا کہ "اللہ تعالیٰ نے انسان کو اشرف المخلوقات بنایا، اور تمام انسان حضرت آدم ؑ کی اولاد ہیں۔ ذات اور برادریاں دنیاوی معاملات کی سہولت کے لیے ہیں، اللہ کے نزدیک اصل معیار تقویٰ ہے۔”

اعوان برادری کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے امیر عبدالقدیر اعوان نے کہا کہ "اعوان کی نسبت حضرت علی کرم اللہ وجہہ سے ہے، اور ‘اعوان’ کا مطلب ہی مددگار ہے۔ ہماری قوم کو چاہیے کہ وہ ملک و ملت کے لیے اسی جذبے کے ساتھ کردار ادا کرے جیسے ہمارے اسلاف نے جان و مال قربان کر کے دین اور وطن کا دفاع کیا۔”

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ "حضرت مولانا امیر محمد اکرم اعوان ؒ کی طرف سے سونپی گئی ذمہ داری کو پوری کوشش کے ساتھ نبھاؤں گا اور اس پیغامِ نبوت ﷺ کو آسٹریلیا سے لے کر افریقہ، یوکے اور یورپ کے تمام شہروں تک پہنچاؤں گا۔ اللہ کریم اس کاوش کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے۔”

تقریب کے اختتام پر ملک وسیم کرامت اور اعوان برادری کی جانب سے امیر عبدالقدیر اعوان کو اعزازی شیلڈ پیش کی گئی، اور اختتامی دعا کے ساتھ یہ روح پرور محفل بخیر و خوبی اختتام پذیر ہوئی۔

Exit mobile version