جہلم پولیس کے فول پروف سیکیورٹی انتظامات؛ محرم الحرام کے دوران امن و امان یقینی بنانے کیلئے مؤثر اقدامات مکمل

جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جہلم طارق عزیز سندھو کی زیر قیادت جہلم پولیس نے محرم الحرام کے دوران امن و امان، بین المسالک ہم آہنگی اور سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ پولیس کی جانب سے تمام مجالس اور جلوسوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے مربوط پلان مرتب کیا گیا ہے۔

ڈی پی او جہلم کے مطابق محرم کے جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی کے لیے پولیس، ایلیٹ فورس، رضاکاروں کے دستے تعینات کیے جائیں گے جبکہ جدید ٹیکنالوجی سے بھی مدد لی جا رہی ہے۔ سیکیورٹی کی نگرانی کے لیے ڈرون کیمروں اور سی سی ٹی وی کے ذریعے ہر زاویے سے کڑی نگرانی کی جائے گی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔

اس موقع پر جلوس کے راستوں کی کلیرنس کے ساتھ ساتھ ٹریفک مینجمنٹ کے بھی مؤثر انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے متبادل راستے اور ٹریفک کنٹرول پوائنٹس قائم کیے جا چکے ہیں۔

ڈی پی او جہلم نے سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذہبی معاملات پر بحث و تکرار سے گریز کیا جائے اور اشتعال انگیز پوسٹس یا تبصروں سے اجتناب برتا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ نفرت انگیز مواد یا فرقہ وارانہ جذبات کو ہوا دینے والی سرگرمیاں قانوناً جرم ہیں، اور ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ڈی پی او نے مزید کہا کہ جہلم پولیس ایسے تمام افراد پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے جو فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کریں گے۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن 15 پر دیں تاکہ حالات پر بروقت قابو پایا جا سکے اور امن کا ماحول قائم رہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button