جہلم میں سی سی ڈی اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلہ، خطرناک ڈاکو ہلاک

جہلم میں سی سی ڈی اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلے میں خطرناک ڈاکو مارا گیا۔

ترجمان کے مطابق کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) جہلم اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلے میں قتل، ڈکیتی اور راہزنی کے متعدد مقدمات میں مطلوب ایک ملزم ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔

ترجمان سی سی ڈی جہلم کے مطابق سی سی ڈی ٹیم کو اطلاع ملی تھی کہ خطرناک ملزمان چک جمال کے علاقے میں موجود ہیں۔ اطلاع پر کارروائی کے لیے پہنچنے والی پولیس ٹیم کو دیکھتے ہی ملزمان نے مبینہ طور پر فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس نے بھی جوابی کارروائی کی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے دوران عمر دراز نامی ملزم ہلاک ہو گیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر مارا گیا۔

ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والا ملزم ضلع بھکر کا رہائشی تھا اور قتل، ڈکیتی، راہزنی سمیت مختلف نوعیت کے 25 سے زائد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ اور پولیس کو مطلوب تھا۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ تقریباً دو ہفتے قبل ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ کنتریلی کے علاقے میں ایک گھر میں ڈکیتی کی واردات بھی کی تھی، جس کے بعد سے وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا۔

سی سی ڈی حکام کے مطابق فرار ہونے والے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے، جبکہ واقعے کے مختلف پہلوؤں کی مزید تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button