پنجاب بھر میں قیمتوں کو مستحکم رکھنا وزیراعلیٰ کا مشن ہے، سلمیٰ بٹ

جہلم/ سوہاوہ: معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے پرائس کنٹرول و کموڈٹیز مینجمنٹ سلمیٰ بٹ نے رمضان سہولت بازار جہلم اور سوہاوہ کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا۔

انہوں نے سہولت بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی دستیابی، معیار اور قیمتوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے معاون خصوصی کو سہولت بازاروں کے انتظامات پر بریفنگ دی، جس پر انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمیٰ بٹ نے کہا کہ رمضان سہولت بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی سخت مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب بھر میں 80 رمضان سہولت بازار پائلٹ پراجیکٹ کے تحت قائم کیے گئے ہیں اور وہ اب تک 13 اضلاع میں ان کا دورہ کر چکی ہیں۔ منڈیوں میں سخت چیک اینڈ بیلنس نہ ہوتا تو اشیائے خور و نوش کی قیمتیں آسمان پر پہنچ جاتیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک میں گھی اور چینی کم ترین نرخوں پر فراہم کیے جا رہے ہیں۔

معاون خصوصی نے مختلف مارکیٹوں اور ڈی سی کاؤنٹرز کا بھی دورہ کیا اور وہاں اشیاء کی قیمتوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ مارکیٹ ریٹ سے کم قیمت پر اشیاء کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کے افسران نے سپر اسٹورز پر قائم ڈی سی کاؤنٹرز کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی۔

بعد ازاں انہوں نے تحصیل سوہاوہ کے رمضان سہولت بازار کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے خریداروں سے اشیائے خور و نوش کے معیار اور قیمتوں کے حوالے سے دریافت کیا۔ شہریوں نے سہولت بازاروں میں فراہم کی جانے والی اشیاء کے معیار اور قیمتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

معاون خصوصی سلمیٰ بٹ نے واضح کیا کہ زائد قیمتیں وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، صرف جرمانے نہیں ہوں گے بلکہ ان کی دکانیں پورے مہینے کے لیے سیل کر دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں قیمتوں کو مستحکم رکھنا وزیراعلیٰ پنجاب کا مشن ہے اور ذخیرہ اندوزی، گراں فروشی اور ناقص اشیاء کی فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button