بجلی کی طلب اور رسد میں آنے والے فرق کے باعث آئیسکو ریجن میں لوڈ مینجمنٹ کی جا رہی ہے، ترجمان آئیسکو

21
جہلم: بجلی کی طلب اور رسد میں نمایاں فرق پیدا ہونے کے باعث آئیسکو ریجن میں لوڈ مینجمنٹ کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث جہلم سمیت مختلف علاقوں کے صارفین کو بجلی کی عارضی بندش کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
آئیسکو ترجمان کے مطابق بعض مقامات پر فنی خرابیوں کی وجہ سے بجلی کی پیداوار متاثر ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں طلب کے مطابق بجلی کا کوٹہ دستیاب نہیں ہو پا رہا۔
ترجمان آئیسکو کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں بجلی کی محدود دستیابی کے باعث لوڈ مینجمنٹ ناگزیر ہو چکی ہے، تاہم آئیسکو انتظامیہ اس مسئلے کے حل کے لیے متعلقہ حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔
ترجمان کے مطابق جیسے ہی طلب کے مطابق بجلی کا مکمل کوٹہ دستیاب ہوگا، لوڈ مینجمنٹ کا عمل فوری طور پر ختم کر کے بلا تعطل بجلی کی فراہمی شروع کر دی جائے گی۔
چیف ایگزیکٹیو آئیسکو چودھری خالد محمود نے اس حوالے سے کہا ہے کہ بجلی کی پیداوار میں عارضی کمی فنی وجوہات کی بنیاد پر واقع ہوئی ہے، جسے دور کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئیسکو کی ٹیمیں متحرک ہیں اور صورتحال کو جلد از جلد معمول پر لانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
آئیسکو انتظامیہ نے بجلی کی فراہمی میں آنے والے اس عارضی تعطل پر صارفین سے معذرت کرتے ہوئے عوام سے تعاون کی اپیل کی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صارفین کے صبر اور تعاون سے ہی اس مشکل مرحلے پر قابو پایا جا سکتا ہے اور بجلی کی صورتحال بہتر ہوتے ہی مکمل اور بلا تعطل سپلائی بحال کر دی جائے گی۔



