پنڈدادنخان: جلالپور شریف کی معروف سماجی شخصیت ندیم عباس نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا حق، صداقت، صبر و استقامت اور باطل قوتوں کے خلاف ڈٹ جانے کا عظیم درس دیتا ہے۔ نواسہ رسول حضرت امام حسینؑ اور اہلِ بیتؑ کی لازوال قربانیاں رہتی دنیا تک مسلمانوں کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی۔
اپنے ایک بیان میں ندیم عباس نے کہا کہ حضرت امام حسینؑ نے میدانِ کربلا میں یزیدی لشکر کے سامنے کلمہ حق بلند کر کے ثابت کر دیا کہ اسلام دینِ حق ہے اور اس کی سربلندی کے لیے ہر قربانی دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا محض ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ حق و باطل کے درمیان ایک ابدی معرکہ ہے جو قیامت تک انسانیت کو ظلم کے خلاف کھڑے ہونے کا پیغام دیتا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ اہلِ بیتؑ نے اسلام کی سربلندی اور دینِ محمدی ﷺ کے تحفظ کے لیے جو عظیم قربانیاں پیش کیں، وہ پوری امتِ مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ اگر مسلمان فلسفہ شہادتِ امام حسینؑ کو اپنی زندگیوں میں اپنائیں اور حق و انصاف کے اصولوں پر ثابت قدم رہیں تو دنیا کو درپیش چیلنجز اور اسلام دشمن قوتوں کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔
ندیم عباس نے کہا کہ کربلا کے میدان میں اہلِ بیتؑ نے صبر، استقامت، شجاعت اور بہادری کی ایسی لازوال داستانیں رقم کیں جن کی مثال تاریخِ عالم میں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؑ اور ان کے جانثار ساتھیوں نے ظلم کے سامنے سر نہ جھکا کر انسانیت کو عزت، حریت اور اصولوں پر قائم رہنے کا درس دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر جذبہ حسینی کو سامنے رکھتے ہوئے مشکلات اور مصائب کا سامنا کیا جائے تو راستے کی رکاوٹیں خود بخود دور ہو جاتی ہیں۔ معاشرے میں ظلم، ناانصافی اور جبر کے خلاف آواز بلند کرنا اور مظلوم کا ساتھ دینا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے تاکہ ظالم اپنے انجام کو پہنچ سکے اور معاشرے میں عدل و انصاف کا بول بالا ہو۔
ندیم عباس نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں اتحاد، اخوت، قربانی، صبر اور حق کی خاطر ہر قسم کی آزمائش برداشت کرنے کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ سیرتِ امام حسینؑ اور اہلِ بیتؑ کے روشن کردار سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے اپنی زندگیوں کو اسلامی تعلیمات کے مطابق ڈھالیں اور معاشرے میں محبت، رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
