جامع مسجد مجاہدہ آباد میں نمازِ تراویح کے دوران تکمیلِ قرآن کی روحانی تقریب

جہلم: مجاہدہ آباد میں جامع مسجد حنفیہ میں نمازِ تراویح کے دوران تکمیلِ قرآنِ پاک کی روحانی و بابرکت تقریب منعقد ہوئی جس میں اہلِ محلہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور قرآنِ پاک کی تکمیل پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا جس کی سعادت مسجد کے معزز اور نائب امام حافظ محمد معاذ نے حاصل کی۔ اس موقع پر نعتِ رسولِ مقبول ﷺ حافظ محمد معاذ، محمد ابوبکر اور محمد باقر نے عقیدت و محبت سے پیش کیں جبکہ تقریب کی نظامت کے فرائض مسجد کے امام مولانا محمد عمیر فاروقی نے انجام دیے۔
تقریب سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے مولانا قاری محمد ابوبکر صدیق، مہتمم جامعہ حنفیہ تعلیم الاسلام مدنی محلہ و خطیب جامع مسجد گنبد والی نے قرآنِ پاک کی تعلیمات پر عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قرآنِ مجید انسانیت کے لیے مکمل ضابطۂ حیات ہے جو ہمیں ہدایت اور کامیابی کا راستہ دکھاتا ہے۔
اس موقع پر حاجی زاہد حسین بٹ صدر جہلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے بھی خصوصی شرکت کی۔ اہلِ محلہ اور شہریوں نے تکمیلِ قرآن کے موقع پر مولانا محمد عمیر فاروقی کو مبارکباد پیش کی اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے۔
تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، اتحادِ امت اور ترقی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔



