کھلی کچہریوں کا مقصد عوام کے مسائل کا فوری حل اور بروقت انصاف فراہم کرنا ہے، فیصل سلیم

سوہاوہ: آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور اور آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا کی ہدایات پر قائم مقام ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم فیصل سلیم نے تھانہ سوہاوہ کا دورہ کیا اور عوام کی دادرسی کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔

تھانہ سوہاوہ میں منعقدہ کھلی کچہری میں شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی، جہاں قائم مقام ڈی پی او جہلم نے عوامی مسائل سنے اور موقع پر ان کے حل کے احکامات جاری کیے۔

شہریوں نے ڈی پی او جہلم کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے عوام کو اپنی مشکلات پیش کرنے کا بہترین موقع ملتا ہے۔

قائم مقام ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم فیصل سلیم نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد عوام کے مسائل کو براہ راست سن کر انہیں فوری حل کرنا ہے تاکہ انصاف کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

کھلی کچہری کے دوران قائم مقام ڈی پی او نے بچوں اور بچیوں کی حفاظت اور ہراسگی سے متعلق آگاہی بھی فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کے لیے کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

تھانہ سوہاوہ کے دورے کے دوران قائم مقام ڈی پی او فیصل سلیم نے تھانہ سوہاوہ کی عمارت، ایس آئی پیز پروٹوکول، فرنٹ ڈیسک، مال خانہ، حوالات اور میس ہال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے تمام افسران کو ہدایت دی کہ تھانہ جات میں صفائی کے انتظامات کو بہتر بنایا جائے اور سرکاری تنصیبات کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے اس موقع پر ہدایت دی کہ ایف آئی آر کے بروقت اندراج کو یقینی بنایا جائے اور اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ پولیس اہلکار شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور ان کے مسائل کو فوری حل کریں۔

قائم مقام ڈی پی او فیصل سلیم نے مزید کہا کہ تھانہ جات کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور پولیس کی کارکردگی جانچنے کے لیے تھانوں اور دفاتر کے دورے جاری رہیں گے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button