مادر وطن پر قربان ہونے والا پنڈدادنخان کا بہادر سپوت پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک

پنڈدادنخان: مادر وطن پر قربان ہونے والے ضلع جہلم کے بہادر سپوت کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق مادر وطن پر قربان ہونے والے ضلع جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے گاؤں پنڈی سید پور کے رہائشی پاک فوج کے بہادر جوان ملک اسامہ شہید کو آبائی قبرستان میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔

شہیدوں اور غازیوں کی سر زمین ضلع جہلم کا ہونہار سپوت ملک اسامہ چند روز قبل خیبر پختونخوا کے ایک علاقے میں دہشت گردوں کے ساتھ مقابلے کے دوران فائرنگ سے شدید زخمی ہو گئے تھے، جنہیں فوری طور پر سی ایم ایچ پشاور منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہادت کے عظیم مرتبے پر فائز ہو گئے۔

شہید کی نمازِ جنازہ پشاور سی ایم ایچ میں ادا کرنے کے بعد ان کی جسد خاکی آبائی گاؤں پنڈی سید پور روانہ کی گئی۔ جیسے ہی شہید کا جسد خاکی گاؤں پہنچا، پورا علاقہ سوگ میں ڈوب گیا، ہر آنکھ اشکبار اور فضا غم سے بوجھل ہو گئی۔ ملک اسامہ شہید کی نماز جنازہ آج بروز جمعہ صبح 11 بجے ان کے آبائی گاؤں پنڈی سید پور میں ادا کی گئی۔

نمازِ جنازہ میں اعلیٰ عسکری قیادت، ڈی ایس پی پنڈدادنخان، ایس ایچ او تھانہ جلالپور شریف سمیت ضلع بھر سے ہزاروں افراد نے شرکت کی اور شہید کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ بعد ازاں ملک اسامہ شہید کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی قبرستان پنڈی سید پور میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

ملک اسامہ شہید دو کم سن بچوں، تین بھائیوں، ایک بہن اور والدہ کو سوگوار چھوڑ گئے ہیں۔ اس موقع پر شہید کے بھائی نے کہا کہ ہمیں اپنے بھائی کی شہادت پر فخر ہے، انہوں نے ملک و قوم کی حفاظت کے لیے اپنی جان قربان کی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں بھی اپنے بھائی کے نقشِ قدم پر چلنے اور وطن کے لیے قربانی دینے کی توفیق عطا فرمائے۔

علاقہ مکینوں اور شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک اسامہ شہید کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی اور قوم اپنے شہداء کے احسانات کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button